کراچی (نیوزڈیسک) لیاری گینگ وار کا اہم کردار نورمحمد عرف بابالاڈلا ایرانی بارڈر کے قریب سیکورٹی اداروں کے درمیان مقابلے میں مارا گیا ہے۔تاہم خاندانی ذرائع نے ان کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی اداروں نے خفیہ اطلاع پر بلوچستان اور ایران کے سرحدی علاقے میں کارروائی کی، اس دوران لیاری گینگ وار کے ملزمان اور سیکورٹی اداروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں لیاری گینگ وار کا اہم کردار نورمحمد عرف بابالاڈلا مارا گیا ہے۔ تاہم خاندانی ذرائع سے جب ان کی ہلاکت کی حوالے سے رابطہ کیا تو انہوںنے ہلاکت کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کیا ہے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال ان کی ہلاکت یا زندہ ہونے کے حوالے سے ہم کچھ نہیں کہہ سکتے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بابالاڈلا پولیس کو 100 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔ حکومت سندھ نے بابالاڈلا کے زندہ یا مردہ گرفتاری پر سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کررکھی تھی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے علاقے حب میں بابالاڈلہ کے ٹریفک حادثة میں مارے جانے کی خبریں آئی تھیں تاہم وہ جھوٹی ثابت ہوئی تھیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں