کراچی(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ وفاقی ایجنسیاں، ایف آئی اے اور نیب سندھ حکومت پر حملہ آور ہیں۔کراچی میں سندھ کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ کرپشن کے نام پر سندھ حکومت کا میڈیا ٹرائل ہورہا ہے، افسوس کی بات ہے کہ سندھ میں وفاقی ایجنسیاں، ایف آئی اے اور نیب حملہ آور ہیں، ایف آئی اے بغیر اجازت کے ایم سی سے فائلیں اٹھاکر لے گئی۔قائم علی شاہ نے کہا کہ وفاقی ادارے سندھ کو کرپشن کے نام پر ٹارگٹ کررہے ہیں اور اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کو بھی شکایت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے۔