اکوڑہ خٹک(این این آئی)دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم مولانا سمیع الحق اور شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر شیر علی شاہ اوردارالعلوم حقانیہ کے تمام اساتذہ ومشائخ پاکستان اورافغانستان کے ہزاروں سرکردہ علماءکی موجودگی میں افغانستان کی تحریک طالبان اورامارت اسلامیہ پاکستان افغانستان کے نئے امیر ملا اختر منصور کی مکمل حمایت اورتائید کا اعلان کردیا ہے اور تحریک میں شریک تمام افغان طلباءزعماءاور جہادی قوتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام خدشات او رتحفظات کو بالائے طاق رکھ کر اور ملامحمد عمر مجاہد مرحوم کے جانشین اور ایک جھنڈے پر متفق ہوجائیں۔این این آئی کے مطابق یہ اعلان یہاں دارالعلوم حقانیہ کے تعلیمی سال کے افتتاح کے موقع پر درس حدیث دیتے ہوئے شیخ الحدیث مولانا سمیع الحق نے کیا اور کہاکہ عالمی طاقتوں کی سازشوں سے افغانستان کی سا لمیت و تحفظ اورتاریخ کی بے مثال قربانیوں لاکھوں کی شہادت کے بچانے اورافغانستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کےلئے اس وقت کی بیرونی طاقتوں سے ملک کی آزادی کے لئے برسرپیکار قوتوں کا اتحاد لازمی ہے ورنہ دشمن کے منصوبے کامیاب ہوکر تاریخی کامیابی اور فتح کو شکست میں تبدیل کردیں گے اور انتشار اوراختلاف کرنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ مولانا سمیع الحق کے تائیدی اعلان کے ساتھ ہزاروں کامجمع خوشی سے اللہ اکبر کے نعرے بلند کرنے لگا ،تقریب میں افغانستان کے سینکڑوں مقتدر علماءاور اہل حل وعقد بھی موجود تھے، استاد المجاہدین ڈاکٹر مولانا شیر علی شاہ نے بھی تفصیلی خطاب کیا اور تمام فضلاءحقانیہ اور افغانستان کے علماءسے مطالبہ کیا کہ وہ سب ملک کر سیسہ پلائی دیوار بن جائیں اور نئے امیر ملا اختر منصور کی امارت پر متفق ہوکر ملک کی آزادی اور اسلام کے نفاذ کے مقدس مشن کو تکمیل تک پہنچائیں ،تقریب میں ملا محمد عمر مجاہدمرحوم کے رفع درجات کے لئے قرآن پاک کے ختم سے ایصال ثواب کیا گیا۔ او رعظیم جہادی رہنما مولانا جلال الدین حقانی کی مکمل صحت یابی کےلئے دعائیں مولانا سمیع الحق نے کرائی۔ مولانا سمیع الحق نے اپنے خطاب میں کہاکہ تاریخ میں ملا محمدعمر کا شمار خالدبن ولید، سلطان صلاح الدین ایوبی اور ٹیپو سلطان جیسے مسلم قابل فخر کمانڈروں میں ہوگا۔ مولانا سمیع الحق نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنی تمام توجہ حصول علم پر مرکوز کردیںاور اپنے اندر ایثار،قربانی،ہمدردی کی صفات پیدا کریں، تقریب سے جامعہ حقانیہ کے نائب مہتمم اوروفاق المدارس العربیہ کے نائب صدر مولانا انوار الحق نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ جامعہ حقانیہ کی بے مثال مقبولیت اس کے بانی مولانا عبدالحق ؒ اوردیگر مشائخ کے اخلاص اور للہیت کا ثمرہ ہے۔ تقریب میں جامعہ کے ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔