اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے پنجاب حکومت کی جانب سے مرحوم سرکاری ملازمین کی طلاق یافتہ، بیوہ اور غیر شادی شدہ بیٹیوں کی فیملی پنشن ختم کرنے کی پالیسی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے منسوخ کردیا ہے۔
عدالت نے حکومت کو حکم دیا ہے کہ جن خواتین کی پنشن بند کی گئی تھی، اسے دوبارہ بحال کیا جائے۔یہ فیصلہ جسٹس احسن رضا کاظمی نے متاثرہ خاتون فلک شاہ کی درخواست پر سنایا، جنہوں نے پنجاب حکومت کے پنشن سے متعلق اقدام کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔سماعت کے دوران عدالت نے محکمہ خزانہ پنجاب اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی جانب سے پیش کیے گئے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد اسے مسترد کردیا۔ فیصلے میں قرار دیا گیا کہ والدین کے انتقال کے بعد قانون کے تحت اہل بیٹیوں کو فیملی پنشن سے محروم کرنا آئینی تقاضوں کے منافی ہے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو متاثرہ خواتین کے پنشن حقوق بحال کرنے اور ادائیگی کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔یہ تنازع 2024 میں اس وقت شروع ہوا تھا جب محکمہ خزانہ پنجاب نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے فیملی پنشن کا حق صرف بیوہ خواتین تک محدود کردیا تھا۔ اس پالیسی کے نتیجے میں صوبے کے 42 سرکاری محکموں میں مرحوم ملازمین کی اہل طلاق یافتہ، بیوہ اور غیر شادی شدہ بیٹیوں کی پنشن روک دی گئی تھی۔
متاثرہ خواتین اپنے والدین کی وفات کے بعد ملنے والی پنشن پر مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے انحصار کرتی تھیں، تاہم حکومتی فیصلے کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اب ہائیکورٹ نے مذکورہ پالیسی کالعدم قرار دیتے ہوئے ان خواتین کے حقوق بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔عدالتی فیصلے سے ان تمام خواتین کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جن کی پنشن 2024 کے نوٹیفکیشن کے تحت بند کی گئی تھی۔ پنجاب حکومت اور متعلقہ محکموں کو اب عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے پنشن کی بحالی کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔تاہم پنشن کی دوبارہ ادائیگی سے قبل متعلقہ خواتین کی اہلیت، سرکاری ملازمت کا ریکارڈ، سابقہ پنشن کی تفصیلات اور دیگر ضروری دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جاسکتی ہے۔
متاثرہ خواتین کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ پنشن سے متعلق سابقہ ریکارڈ، ادائیگیوں کی تفصیلات اور سرکاری محکموں کے ساتھ ہونے والی خط و کتابت محفوظ رکھیں۔عدالتی فیصلے کی مصدقہ نقل اور حکومت کی جانب سے عمل درآمد سے متعلق جاری ہونے والی ہدایات کے بعد پنشن کی بحالی کے طریقہ کار کی مزید تفصیلات واضح ہوں گی۔ یہ فیصلہ پنجاب میں مرحوم سرکاری ملازمین کے خاندانوں اور ان کی اہل بیٹیوں کے مالی حقوق کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔



















































