لاہور (این این آئی)معروف اداکار معمر رانا کی اہلیہ مہناز معمر رانا نے لاہور کی فیملی کورٹ سے خلع حاصل کرلیا،
فیملی کورٹ کے جج زاہد بشیر نے مہناز معمر رانا کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کردی۔درخواست گزار کی جانب سے وکیل خدیجہ صدیقی نے دلائل پیش کیے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ معمر رانا شراب نوشی کے بعد تشدد کرتے اور گالم گلوچ کرتے تھے، انہوں نے متعدد مرتبہ بیٹیوں کے سامنے بھی شراب کے نشے میں گالیاں دیں، جس سے بیٹیوں کو مبینہ طور پر ذہنی اذیت اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔درخواست گزار کے مطابق ان کی معمر رانا سے 24اکتوبر 1998ء کو شادی ہوئی تھی اور اس ازدواجی رشتے سے دو بیٹیاں ہیں، شادی کو تقریباً 28سال گزر چکے ہیں تاہم معمر رانا نے گھر کے اخراجات بھی برداشت نہیں کیے۔
درخواست میں مزید موقف اپنایا گیا کہ اہل خانہ نے معمر رانا کے رویے میں بہتری لانے کے لیے متعدد مرتبہ کوششیں کیں لیکن انہوں نے علاج کروانے سے انکار کردیا۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ وہ اب معمر رانا کے ساتھ مزید زندگی نہیں گزار سکتیں، لہٰذا عدالت خلع کی ڈگری جاری کرے۔عدالت نے درخواست گزار کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے خلع کی ڈگری جاری کردی۔



















































