اسلام آباد(نیوزڈیسک)پی ٹی آئی کے استعفوں کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان ڈٹ گئے ، کہتے ہیں ان کا موقف آئینی ہے ، آئین سے ماورا کسی معاہدے کو تسلیم نہیں کریں گے ، شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ 17ویں ترمیم کے وقت جے یو آئی کو آئین کی پاسداری یاد کیوں نہ آئی۔تحریک انصاف کے استعفے حکومت کے لیے گلے کی ہڈی بن چکے ہیں ، مولانا فضل الرحمان استعفے قبول کرنے کے موقف پر ڈٹ گئے۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ آئین کی رو سے استعفے دینے کے بعد نشستیں خالی ہو جاتی ہیں ۔ ہمارا موقف ذاتی نہیں بلکہ آئینی ہے ، بتایا جائے پی ٹی آئی کو رعایت کس قانون کے تحت دی جاری ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی بھی استعفوں کے معاملے پر بول اٹھے ، ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم قومی اسمبلی کے ارکان ہیں تو ہمارے خلاف تحاریک واپس لی جائیں۔مولانا فضل الرحمان آج آئین کی بات کرتے ہیں ، انہیں یہ باتیں پہلے کیوں نہ یاد آئیں ، پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر جوڈیشل کمیشن پہلے بن جاتا تو اب تک انتخابی اصلاحات ہو چکی ہوتیں