کراچی (نیوزڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اہم امور پر مشاورت کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت اہم وزراء اور رہنمائوں کو دبئی بلایا ہے ،وزیراعلی سندھ اور دیگر منگل کی شام کودبئی روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے علاوہ جن وزراء کو بلایا گیا ہے ان میں سینئر صوبائی وزیر و وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن اور دیگر شامل ہیں۔اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ اور وزراء منگل کو دبئی روانہ ہوں گے جہاں پر سندھ حکومت کے انتظامی معاملات اوربلدیاتی انتخابات کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق دبئی میں ہونے والے اجلاس کے دوران صوبائی کابینہ کے نئے ارکان اسمبلی کو قلمدان سونپنے پرغورکیا جائے گا جب کہ ارم خالد سمیت کئی نام وزارت کے لئے پیش پیش ہیں جنہیں قلمدان سونپنے یا نہ سونپنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بلاول بھٹواورآصف زرداری کے بلائے جانے پر سینیٹررحمان ملک بھی دبئی روانہ ہوگئے اور اجلاس میں پارٹی کے انتظامی ڈھانچے اور سندھ حکومت سے متعلق اہم فیصلے کئے جائیں گے۔