لاہور(نیوزڈیسک )پاکستان رینجرز نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی وجہ سے بھارتی سکیورٹی فورس کی جانب سے عید الفطر پر بھجوائی گئی مٹھائی لینے سے انکار کردیا۔بھارتی سکیورٹی فورس کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور گولا باری کے نتیجے میں 5 پاکستانی شہری شہید اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل ایم ایف فاروقی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی رینجرز نے بھارت کی جانب سے بھیجی گئی مٹھائی قبول نہیں کی۔پاکستان اور بھارت کی افواج روایتی طور پر مختلف تہواروں پر مٹھائی اور مبارکباد کا تبادلہ کرتی ہیں۔رپورٹ میں بھارت کی سکیورٹی فورس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل ایم ایف فاروقی کے حوالے سے بتایا گیا کہ بھارت کی جانب سے عید کے سالانہ تہوار پر مبارکباد کے حوالے سے پیغام بھیجا گیا تھا مگر پاکستان کی جانب سے اس کا مثبت جواب نہیں آیا۔ایم ایف فاروقی کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ عید پر مٹھائی دیتے ہیں مگر اس بار رینجرز نے یہ مٹھائی وصول نہیں کی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ سرحد پر امن و سکون کی فضا برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ہر سال پاکستان اور بھارت کی سکیورٹی فورسزمذہبی اور قومی تہواروں پر ایک دوسرے کو مٹھائی تحائف کے طور پر پیش کرتی ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں