اسلام آباد (نیوزڈیسک)عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات ، سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کے مطالبات بڑھ گئے سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم پاکستان میں عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزم معظم علی سے تفتیش کرےگی۔ ٹیم کی پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ ٹیم مزید دو گرفتار ملزموں سید محسن علی اور خالد شمیم سے بھی تفتیش کرنا چاہتی ہے تاہم اس کے پاس اس کا مینڈیٹ نہیں ہے۔ ٹیم کو پاکستانی حکام کی طرف سے اب تک کی جانے والی تفتیش پر بھی بریفنگ دیئے جانے کا امکان ہے۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر سکاٹ لینڈ یارڈ ٹیم کی نقل وحرکت خفیہ رکھی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ عمران فاروق قتل کیس میں اب تک تین گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ کراچی کے علاقے عزیز آباد سے معظم علی کو گرفتار کیا گیا تھا جس پر عمران فاروق کے قاتلوں کو برطانیہ کے ویزے فراہم کرنے، وہاں تعلیمی ادارے میں داخلہ دلوانے اور رقم دینے کے الزامات ہیں۔ معظم علی کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ خالد شمیم اور محسن علی کو ایف سی نے چمن میں پاک افغان بارڈر کے قریب سے گرفتار کیا اور اسلام آباد منتقل کیا۔ خالد شمیم اور محسن علی پر لندن جا کر عمران فاروق کو قتل کرنے کا الزام ہے تاہم ایک ملزم کاشف کامران تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔