اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں گیس سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے ، توانائی کے تمام منصوبوں کو انتہائی شفاف طریقے اور برق رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے جرمنی کے سفیر ڈاکٹر سائرل نن نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور توانائی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان بہترین دوستانہ اور تجارتی تعلقات ہیں ، جرمنی پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ پنجاب حکومت صوبے میں اپنے وسائل سے 1200 میگاواٹ اور وفاقی حکومت 2400 میگاواٹ کے گیس منصوبے لگائے گی ، سولر پارک میں پنجاب حکومت کے لگائے گئے 100 میگاواٹ کے سولر منصوبے سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہو چکا ہے۔ جرمن وفد نے یقین دلایا کہ توانائی کے منصوبوں میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔