لاہور(نیوزڈیسک)پنجاب کی اعلیٰ ترین عدالت لاہور ہائی کورٹ میں ایک اور خاتون جج کا اضافہ ہوگیا ہے۔جسٹس ارم سجاد گل کے لاہور ہائی کورٹ کے جج مقرر ہونے سے ہائی کورٹ میں خواتین ججوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔لاہور ہائی کورٹ میں21 برس کے بعد دوبارہ خواتین ججوں کی تعداد تین ہوئی ہے۔اس سے پہلے مقتول وزیراعظم بےنظیر بھٹو کے دوسرے دورِ حکومت میں 1994 میں لاہور ہائی کورٹ میں تین خواتین ججوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔نئی خاتون جج جسٹس ارم سجاد گل لاہور ہائی کورٹ کی پانچویں خاتون وکیل ہیں جو ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیں گی۔جسٹس ارم سجاد گل سے پہلے جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائی کورٹ کی جج ہیں۔چار برس قبل سنہ 2012 سے لاہور ہائی کورٹ میں خواتین ججوں کو مقرر کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ جسٹس عائشہ ملک نے دو مارچ سنہ 2012 اور پھر ایک سال کے وقفے کے بعد اپریل سنہ 2013 میں جسٹس عالیہ نیلم نے لاہور ہائی کورٹ کے جج کے منصب کا حلف اٹھایا۔جسٹس ارم سجاد گل لاہور ہائی کورٹ کے ان دس ایڈشینل ججوں میں سے ایک ہیں جنھوں نے پیر کے روز اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منظور احمد ملک نے ان سے حلف لیا۔لاہور ہائی کورٹ میں نئے ججوں کی تقرری سے ججوں کی کل تعداد 60 ہوگئی ہے اور ہائی کورٹ کی تمام کی تمام اسامیاں پر ہوگئی ہیں۔