اسلام آباد (نیوز ڈیسک) افغانستان کرکٹ بورڈ کے پاکستان میں شیڈول سہ ملکی سیریز سے دستبردار ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متبادل ٹیم کے طور پر زمبابوے سے رابطہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے زمبابوے کرکٹ بورڈ کو سیریز میں شمولیت کی دعوت دی ہے، جس کے بعد اب سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ ٹرائی نیشن سیریز نومبر 2025 میں پاکستان میں منعقد ہونا تھی، تاہم اب نئی تاریخوں کا اعلان جلد متوقع ہے۔یاد رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں پاکستان میں نومبر میں طے شدہ سہ ملکی سیریز میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان میں یہ ٹی ٹوئنٹی سیریز ابتدائی طور پر 17 سے 29 نومبر تک شیڈول کی گئی تھی۔