پشاور(نیوزڈیسک) مولانا شجاع الملک نے جے یو آئی (ف) کے سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ خواتین کی روپ دھار کر سونامی کے کارندے خواتین پولنگ سٹیشنز میں دن بھر موجود رہے۔ صوبائی حکومت نے پولیس کو بھی ساتھ دینے پر مجبور کیا تھا جو پی ٹی آئی کے مخالف امیدواروں کے خلاف انتخابات سے قبل کارروائی پر اترے ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے روز مردان میں دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے والے جے یو آئی (ف) کے امیدوار سید حبیب شاہ کے دو بھتیجے فائرنگ سے زخمی ہوئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین کو قتل میں ملوث کرنے کی کوشش بھی انتقامی کارروائی کا حصہ تھا۔ مولانا شجاع الملک نے کہا کہ 3 جون کو تمام اضلاع میں جے یو آئی (ف) اپنے سہ فریقی اتحاد سمیت بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے خلاف مظاہرے کریگی جبکہ 6 جون کو اے پی سی کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔