کراچی (نیوزڈیسک)ایف آئی اے آفس کراچی میں ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ سے ان کے اہلخانہ اور قریبی رشتہ داروں نے ملاقات کی۔ شعیب شیخ کی والدہ نے کہا ہے کہ عدالت کے حکم کے باوجود وکلاءکو شعیب شیخ سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں ایف آئی اے کے دفتر میں زیر حراست ایگزیکٹ کمپنی کے سی ای او شعیب شیخ سے ان کے گھر والوں اور قریبی رشتہ داروں نے ملاقات کی۔ آدھے گھنٹے تک ملاقات کے بعد اہلخانہ دہائیاں دیتے ہوئے ایف آئی اے آفس سے روانہ ہو گئے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شعیب شیخ کی والدہ نے کہاکہ ہمارے ساتھ ناانصافیاں ہو رہی ہیں۔ وکیلوں کو بھی شعیب شیخ سے ملنے نہیں دیا جا رہا ¾ شعیب شیخ کی اہلیہ نے کہاکہ ان کے شوہر کے ساتھ انتہائی برا سلوک کیا جا رہا ہے ایسا برتاﺅ تو عادی مجرموں سے بھی نہیں کیا جاتا۔زیادتی کی بھی کوئی حد ہوتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ جس کمرے میں شعیب شیخ کو رکھا گیا ہے وہاں صفائی کی صورتحال بھی انتہائی ابتر جبکہ عدالت کے حکم کے باوجود وکلاءکو بھی ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔اس موقع پر ایک شخص نے کہا کہ ایک طرف ماڈل گرل ایان علی ہے جس کو بھرپور پروٹوکو ل دیاجاتاہے جبکہ شعیب شیخ کوجہاں رکھا گیا ہے وہاں صفائی کی صورتحال بھی انتہائی ابتر ہے۔