اسلام آباد(نیوزڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چوہدری رشید احمد کی بطور چیئرمین پیمرا بحالی کے عدالتی حکم کے خلاف حکومت کی درخواست خارج کردی۔ بدھ کو یہاں جسٹس نورالحق قریشی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے وفاق کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی، وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل حسنین کریم کنڈی نے موقف اختیار کیا کہ چوہدری رشید نے حکومتی نوٹی فکیشن جاری ہونے سے پہلے ہی چارج سنبھال لیا ہے۔ وفاق عدالتی حکم کے خلاف اپیل داخل کرناچاہتا ہے۔ اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ چوہدری رشید کی بطور چیئرمین پیمرا بحالی کے حکم پر حکم امتناعی جاری کیا جائے۔عدالت عالیہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب عدالتی حکم آ جائے تو وفاقی حکومت کے نوٹی فکیشن کی ضرورت نہیں رہتی . عدالت نے حکومت کی جانب سے دائر درخواست خارج کردی۔واضح رہے کہ چوہدری رشید احمد کو صدر مملکت نے 2013 میں وزیر اعظم کی ایڈوائس پر برطرف کیا تھا تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے دو روز قبل انہیں بطور چیئرمین پیمرا بحال کردیا تھا۔