اسلام آباد(نیوز ڈیسک)فیصل آباد ملت ٹاﺅن سے لاپتہ ہونے والی بچی کی لاش نالے کے قریب سے مل گئی ہے۔ چار سالہ بچی گزشتہ روز لاپتہ ہوئی تھی جس کی تلاش میں والدین اور اہل علاقہ نے سرتوڑ کوشش کی لیکن بچی کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ بچی کی تلاش کیلئے علاقہ کی مساجد میں متعدد بار اعلانات کرائے گئے لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہ نکلا ، جمعہ کی صبح بچی کی لاش علاقے میں نالے کے قریب سے ملی جس پر بچی کے والدین اور اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے ، اہل علاقہ نے لاش ملنے پر شدید احتجاج کیا ، سڑکیں بلاک کر دیں اور ٹائر جلاکر پولیس کے خلاف نعرے بازی کی ، مقامی تھانے کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے بچی کے والدین اور اہل علاقہ سے مذاکرات کئے اور بچی کے قاتل کی تلاش کی یقین دہانی کرائی۔ بچی کے ورثا نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے قاتل کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔