اسلام آباد: قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کو انتباہ کرتا ہوں کہ وہ غلطی پر غلطی نہ کریں‘ گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کے گورنر کو غیرقانونی طور پر ہٹایا گیا ہے‘ مسلم لیگ (ن) پری پلان دھاندلی کرنے جارہی ہے‘ خدشہ ہے دھاندلی سے وہاں خون خرابہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر گلگت بلتستان کو غیرقانونی طور پر ہٹایا گیا ہے اور اس پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزیراعظم کو خط لکھا ہے جس کا تاحال جواب نہیں ملا۔ وزیراعظم نواز شریف کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ غلطی پر غلطی نہ کریں۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے دھاندلی کیخلاف دھرنا اور پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا۔ تمام جماعتوں کی رائے ہے کہ (ن) لیگ گلگت بلتستان میں الیکشن کے دوران دھاندلی کرنے جارہی ہے اور دھاندلی سے گلگت بلتستان میں خون خرابہ ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گلگت میں چیف الیکشن کمشنر (ن) لیگ کا کارکن ہے اور گلگت میں نگران حکومت میں شامل دس میں سے سات افراد کا تعلق (ن) لیگ سے ہے اور گلگت بلتستان کے گورنر کو ہٹاکر وفاقی وزیر کو گورنر لگادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غلطی پر غلطی کررہی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اس حوالے سے وزیراعظم کو خط بھی لکھا ہے جس کا تاحال کوئی جواب نہیں آیا جس پر افسوس ہے