اسلام آباد: تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن کے معاملے پر ناراض ارکان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی، تاہم ناراض ارکان کے تحفظات اب بھی برقرار ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان نے خیبرپختون خوا اسمبلی میں تحریک انصاف کے ناراض اراکین پر مشتمل ہم خیال گروپ سے رابطہ کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ناراض اراکین کے تحفظات دور کرانے کی یقین دھانی کرائی ہے۔ پارٹی حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیر صحت شہرام ترہ کئی کے والد لیاقت ترہ کئی کو دیا جانیوالا سینیٹ ٹکٹ تنازعے کا سبب بنا ہے۔ ذرائع کے مطابق ناراض اراکین صوبائی وزیر صحت کے والد لیاقت ترہ کئی کو سینیٹ کے انتخابات میں ووٹ نہ دینے پر بضد ہیں۔ دوسری جانب ایک ناراض رکن کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پرویز خٹک کی یقین دہانی کے باوجود عمران سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔