اسلام آ باد (نیوز ڈیسک)پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدہ تعلقات کے باوجود ایک غیر متوقع پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان ملاقات ہوئی اور دونوں نے مصافحہ بھی کیا۔ اس ملاقات کو سیاسی مبصرین حیرت انگیز قرار دے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ ملاقات بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں اس وقت ہوئی جب دونوں رہنما سابق بنگلادیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کے لیے موجود تھے۔
بتایا گیا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود آگے بڑھ کر سردار ایاز صادق سے ملے، جہاں مختصر مگر خوشگوار گفتگو بھی ہوئی۔اطلاعات کے مطابق یہ رابطہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی رہنماؤں کے درمیان پہلی براہِ راست ملاقات ہے۔یاد رہے کہ مئی کی جنگ کے بعد پاکستان اور بھارت کے تعلقات شدید تناؤ کا شکار ہیں اور دونوں جانب سے سیاسی اور سفارتی روابط تقریباً معطل ہیں۔ یہاں تک کہ بھارت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے بھی روک دیا تھا، اگرچہ دیگر کھیلوں میں یہ پابندی نظر نہیں آئی۔واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر گزشتہ برس پاکستان میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھی شریک ہوئے تھے، جہاں ان کی ملاقات پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ہوئی تھی۔















































