اسلام آباد(نیوز ڈ یسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان نے اپنے والد کی قید سے متعلق نئے انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے والد کو اڈیالہ جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا جا رہا ہے اور وہاں کی صورتحال نہایت ناگفتہ بہ ہے۔حالیہ انٹرویو میں دونوں بھائیوں نے بتایا کہ عمران خان کو جس سیل میں رکھا گیا ہے، وہاں روشنی ناکافی ہے، سہولیات محدود ہیں اور ماحول انتہائی دشوار ہے۔
سلیمان خان کے مطابق سیل میں اکثر بجلی بند رہتی ہے، پینے کے لیے صاف پانی دستیاب نہیں اور مجموعی طور پر جیل کے حالات بین الاقوامی اصولوں کے بالکل برخلاف ہیں۔قاسم خان نے کہا کہ والد کی قید نے پورے خاندان کو ذہنی دباؤ میں مبتلا کر رکھا ہے۔ بیرونِ ملک ہونے کی وجہ سے وہ خود کو بے بس محسوس کرتے ہیں اور موجودہ صورتحال پر شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔یاد رہے کہ عمران خان کو دو برس سے زائد عرصے سے قید ہیں، جس کے دوران پی ٹی آئی کارکنان نے متعدد بار احتجاجی مظاہرے کیے اور کئی بار پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔چند روز قبل عمران خان کی بہنوں کا دھرنا بھی ختم ہوا، جو انہیں اپنے بھائی سے ملنے کی اجازت ملنے کے مطالبے پر دیا گیا تھا۔
آخری باضابطہ ملاقات 2 دسمبر کو ہوئی تھی۔قاسم اور سلیمان نے مزید بتایا کہ وہ جنوری میں پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم ویزا کے اجرا کے منتظر ہیں۔ دونوں نے اپنے والد کی ملک سے وابستگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا مشن ذاتی مفاد نہیں بلکہ ملک کے لیے خدمات سرانجام دینا ہے۔















































