+اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پشاور ہائیکورٹ نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ہدایت دی ہے کہ وہ نو منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے بدھ کے روز شام 4 بجے حلف لیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگر گورنر کسی وجہ سے حلف نہیں لیتے تو اسی دن اسپیکر صوبائی اسمبلی نئے وزیر اعلیٰ سے حلف لیں گے۔
یہ فیصلہ اس درخواست پر سنایا گیا جس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے حلف نہ لینے کے معاملے پر عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔ فیصلہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی سربراہی میں سنایا گیا۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گورنر اس وقت سرکاری دورے پر ہیں اور وہ کل دوپہر 2 بجے تک وطن واپس آجائیں گے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا گورنر نے حلف برداری کے حوالے سے کوئی مؤقف دیا ہے؟
اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گورنر نے علی امین گنڈاپور کے استعفے کی منظوری کے لیے انہیں بلایا ہے۔ عدالت نے مزید پوچھا کہ کیا گورنر نے نئے وزیر اعلیٰ سے حلف لینے پر رضامندی ظاہر کی ہے یا نہیں؟
جواب میں عدالت کو بتایا گیا کہ گورنر کے آنے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا، اور اس سلسلے میں عامر جاوید ایڈووکیٹ کو گورنر کی جانب سے دلائل کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
عامر جاوید ایڈووکیٹ نے عدالت سے مؤقف اپنایا کہ گورنر کی واپسی تک انتظار کیا جائے، کیونکہ وہ آنے کے بعد حلف برداری کا عمل مکمل کر لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے وزیر اعلیٰ کے حلف تک موجودہ وزیر اعلیٰ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
تاہم عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ اصول اس وقت لاگو ہوتا ہے جب الیکشن نہ ہوا ہو، جبکہ اس معاملے میں انتخابات مکمل ہو چکے ہیں اور دیگر جماعتوں کے امیدواروں نے بھی وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں۔