اسلام آبا د (نیوز ڈیسک )آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئیں۔
ذرائع کے مطابق، آزاد کشمیر میں کامیاب مذاکرات کے بعد کمیٹی نے وزیراعظم سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اجلاس میں راجہ پرویز اشرف، رانا ثنا اللہ، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، سردار یوسف، طارق فضل چوہدری اور احد چیمہ سمیت دیگر اراکین شریک ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کمیٹی کے اراکین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آزاد کشمیر کے معاملات کو بردباری اور دانشمندی کے ساتھ حل کیا، جو قابل تعریف ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم نے اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر کی ممکنہ تبدیلی سے متعلق اپنے قریبی رفقا سے مشاورت بھی کی اور اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کی قیادت کو اعتماد میں لینے پر اتفاق کیا گیا۔
کمیٹی کے اراکین نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں حالیہ دنوں میں پیدا ہونے والی صورتحال تاریخی طور پر بے مثال تھی، تاہم مذاکرات کے ذریعے معاملات کو سلجھایا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ کشمیری عوام کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا اور حکومت ان کی ترقی، خوشحالی اور امنگوں کی تکمیل کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔