اسلام آبا د (نیوز ڈیسک ) پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کا استعفیٰ گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوا دیا گیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ وزارتِ اعلیٰ کا منصب بانی پی ٹی آئی کی امانت تھا، اور اب وہ ان کے حکم کے مطابق یہ امانت واپس کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آئین کے آرٹیکل 130 کے تحت اپنا استعفیٰ پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے ذمہ داری سنبھالی تو صوبہ مالی بحران اور دہشت گردی کے خطرات سے دوچار تھا، تاہم اپنی مدتِ وزارت کے دوران انہوں نے صوبے کو مالی استحکام اور امن کے قیام کی جانب گامزن کیا۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ان کی کوشش رہی کہ خیبرپختونخوا کو تعمیرِ نو اور ترقی کی راہ پر ڈالا جائے۔
سابق وزیراعلیٰ نے اپنی کابینہ، اراکینِ اسمبلی اور سرکاری افسران کا تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان سب نے مشکل حالات میں ان کا ساتھ دیا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اس بات کی تصدیق کی تھی کہ پارٹی قیادت نے علی امین گنڈاپور کو وزارتِ اعلیٰ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سہیل آفریدی کو خیبرپختونخوا کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا گیا ہے۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پارٹی ایک نئی پالیسی اور نئی شروعات کا اعلان کرنے جا رہی ہے، اور علی امین گنڈاپور کے استعفے کے بعد صوبائی اسمبلی سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کرے گی۔