اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارت کی طرف سے دریاؤں میں پانی کے اخراج اور بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے سبب دریائے چناب، ستلج اور راوی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ پہلے سے بھپرا ہوا دریائے چناب اب خوفناک سیلابی ریلے کے ساتھ ملتان ڈویژن میں داخل ہو چکا ہے۔ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں 5 لاکھ 31 ہزار کیوسک کا بڑا ریلہ داخل ہوا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ 5 ستمبر تک دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے، تاہم دریائے چناب میں پانی کی سطح فی الحال مستحکم ہے۔وزارت آبی وسائل کے مطابق بھارت نے دریائے چناب میں اخنور کے مقام سے پانی چھوڑنے کے حوالے سے پاکستان کو پیشگی اطلاع دے دی ہے۔ جاری کردہ الرٹ میں بتایا گیا کہ ہیڈ مرالہ پر پانی کے دباؤ میں شدت آسکتی ہے، جبکہ ہیڈ مرالہ سے ہیڈ خانکی کے درمیان آنے والے دیہات، خصوصاً گجرات اور وزیرآباد کے نواحی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔