پشاور (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا اسمبلی نے افغانستان میں حالیہ زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کر لی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ افغان عوام کی ہر ممکن مدد کو اسلامی اور انسانی فریضہ سمجھا جائے گا۔ ارکانِ اسمبلی نے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
قرارداد میں تجویز دی گئی کہ شدید زخمیوں کو ویزا کے بغیر پاکستان منتقل کرکے طبی سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں مشترکہ طور پر امدادی ٹیمیں اور ضروری طبی سامان افغانستان بھجوائیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات افغانستان کے صوبہ کنڑ میں آنے والے 6 شدت کے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 800 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ درجنوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔