اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آئندہ برسوں میں سیلابی تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے، چاہے اس کے لیے نئے ڈیمز اور ریزر وائر کی تعمیر ہی کیوں نہ کرنی پڑے۔جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے متعدد اسپیلز اور بھارت کی جانب سے پانی کے اخراج نے صوبے کے لیے سنگین صورتحال پیدا کر دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو اداروں کی بروقت تیاری اور ارلی وارننگ سسٹم کی بدولت بڑے پیمانے پر نقصان سے بچا گیا اور متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو فوری منتقل کر کے ہزاروں زندگیاں محفوظ بنائی گئیں۔مریم نواز نے کہا کہ وزارت اعلیٰ کے دوران یہ پہلا سیلاب ہے، لیکن ایک سال کے اندر ایسے اقدامات کیے جائیں گے کہ آئندہ برس اگر سیلاب آئے تو وہ تباہی کا باعث نہ بنے۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور متعلقہ ٹیموں کو آئندہ کے لیے مکمل حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔