اسلام آباد (این این آئی) پی ٹی آئی کے دو اراکین اسمبلی نے سیاسی کمیٹی کے فیصلے کے بعد قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق اراکین قومی اسمبلی فیصل امین خان اور علی اصغر خان کے استعفے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہوگئے ہیں۔
رکن قومی اسمبلی علی اصغر خان نے قائمہ کمیٹی کابینہ سیکریٹریٹ، نجکاری اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دیا۔خیبرپختونخوا کے وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین خان قائمہ کمیٹی اقتصادی امور اور نیشنل فوڈ سیکیورٹی سے مستعفی ہوگئے ہیں۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کے دو اراکین کے علاوہ کسی کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا ہے۔