اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کراچی میں موسلا دھار بارش نے نظامِ زندگی کو مفلوج کردیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کو اہم قرار دیا ہے۔منگل کی صبح سے شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آچکے ہیں اور متعدد گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ اربن فلڈنگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
لانڈھی، ملیر، قائد آباد، گلشن حدید اور لیاقت آباد سمیت کئی علاقوں میں صورتحال سنگین ہے جبکہ شاہراہ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ اور ایم آر کیانی روڈ سمیت بڑی شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور ہزاروں شہری گھنٹوں جام میں پھنسے رہے۔ریسکیو ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ گلستان جوہر بلاک 12 میں ایک مکان کی دیوار گرنے سے چار افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 میں دیوار گرنے کے ایک اور واقعے میں ایک بچہ زندگی کی بازی ہار گیا۔مختلف حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر پانچ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ موسمیاتی ماہر جواد میمن کے مطابق کراچی کے اوپر مزید بادل جمع ہو رہے ہیں جس کے باعث آئندہ گھنٹوں میں بارش کا سلسلہ تیز ہونے کا امکان ہے۔