کراچی (نیوز ڈیسک) باجوڑ میں امدادی کارروائی کے دوران خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو پائلٹ سمیت عملے کے پانچ افراد شہید ہوگئے۔ حادثے کی جائے وقوع کی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے تصدیق کی کہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر باجوڑ میں امدادی سامان پہنچانے جا رہا تھا کہ شدید خراب موسم کے باعث اس کا رابطہ منقطع ہوا اور وہ گر کر تباہ ہوگیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ فوری طور پر امدادی ٹیمیں مقامِ حادثہ پر روانہ کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کا دوسرا ہیلی کاپٹر اس وقت ضلع بونیر میں ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہے۔چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کے مطابق ہیلی کاپٹر متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیوں کے لیے جا رہا تھا۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ تحصیل سالارزئی کے گاؤں جبراڑئی میں گزشتہ رات آنے والے طوفانی ریلے سے کئی گھر تباہ اور رابطہ سڑکیں و پل بہہ گئے، جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔