اسلام آباد (نیوز ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی اور قائد الطاف حسین نے دنیا بھر میں موجود تحریکی کارکنوں، بشمول پاکستان میں مقیم ساتھیوں، سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ تمام اراکین کو تحریک اور اپنی شخصیت سے وابستگی کے حلف سے آزاد کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق اب ہر کارکن اپنی مرضی سے کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ بن سکتا ہے۔الطاف حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ تقریباً 47 سال سے پاکستان کے محروم اور مظلوم عوام، بالخصوص مہاجر برادری کے حقوق کے لیے سرگرم رہے ہیں۔ اس دوران ہزاروں ساتھیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جبری گمشدگیوں کا سامنا کیا، گھروں سے بے دخلی اور جلاوطنی جیسی سخت مشکلات جھیلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا اپنا خاندان بھی ان قربانیوں میں شامل رہا اور ان آزمائشوں سے گزرا۔