اسلام آباد (نیوز ڈیسک)تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے واضح طور پر اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان کو پاکستان واپس آنے سے روک دیا ہے۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ ان کے بیٹے پاکستان کا سفر نہیں کریں گے، نہ ہی وہ کسی سیاسی تحریک کا حصہ بنیں گے اور نہ ہی کسی احتجاج کی قیادت کریں گے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ قاسم اور سلیمان والد کی رہائی کے لیے ملک واپس آئیں گے اور ممکنہ احتجاجی تحریک میں قیادت کا کردار ادا کریں گے۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کے بعض رہنما بھی عندیہ دے چکے تھے۔تاہم اب عمران خان نے ان تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ ان کے بیٹے نہ پاکستان آئیں گے اور نہ ہی کسی احتجاجی سرگرمی میں شامل ہوں گے۔