راولپنڈی (این این آئی)اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کردیا، لاہور پولیس کی ٹیم 9 مئی کے مقدمات میں بانی کے پولی گرافک ٹیسٹ کیلیے اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا، بانی پی ٹی آئی نے وکلا کی عدم موجودگی میں ٹیسٹ کیلئے شامل تفتیش ہونے سے انکار کیا۔پولیس ٹیم کے پہنچنے پر جیل کا عملہ نے عمران خان کو سیل میں بلانے کے لیے گیا تاہم وہ نہیں آئے، لاہور پولیس کی 11 رکنی ٹیم ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل آئی تھی۔تفتیشی ٹیم میں انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم اور انسپکٹر محمد ارحم کے علاوہ پنجاب فارنزک یونٹ کے عابد ایوب بھی شامل تھے۔
تفتیشی ٹیم بانی پی ٹی آئی عمران خان کا 9 مئی کے کیسز میں پولی گرافک ٹیسٹ کیلئے آئی تھی۔یاد رہے کہ 14 مئی کو لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانے کی اجازت دی تھی۔9 مئی کے مقدمات میں پولیس نے عمران خان کا پولی گرافک اور فوٹوگرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کے لیے پراسیکیوشن نے انسداد دہشت گردی عدالت میں باقاعدہ درخواست جمع کرائی تھی۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے 9 مئی واقعات کے حوالے سے سچائی جانچنے کے لیے پولی گرافک سمیت دیگر ضروری سائنسی ٹیسٹ کروائے جانا اہم ہے تاہم عدالت میں سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے درخواست کی سخت مخالفت کی تھی۔ابتدائی دلائل میں انہوںنے کہاکہ 2 سال بعد ایسی درخواست دائر کرنا بدنیتی پر مبنی ہے۔