اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی حکومت کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ پاکستان نے سات اور آٹھ مئی کی درمیانی شب شمالی و مغربی بھارت کے کئی علاقوں میں ڈرونز اور میزائلوں سے حملے کی کوشش کی، تاہم پاکستان کی طرف سے اس دعوے کی نہ تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی کوئی سرکاری بیان سامنے آیا ہے۔
سینئر صحافی اظہر جاوید نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی پاکستانی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنا فضائی دفاعی نظام فعال کیا اور کئی پاکستانی ڈرونز اور میزائلوں کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔
اظہر جاوید کے مطابق بھارتی حکام نے بتایا ہے کہ لاہور سمیت پاکستان کے کچھ علاقوں میں بھی ڈرون حملے ہوئے، جس کی ان کے مطابق تصدیق کی گئی ہے۔ ان کے ساتھ شیئر کیے گئے ایک بریفنگ نوٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے حالیہ دنوں میں کسی پاکستانی فوجی مرکز کو نشانہ نہیں بنایا، البتہ پاکستان کی طرف سے جموں، سری نگر، اوانتی پورہ، پٹھان کوٹ، امرتسر، جالندھر، لدھیانہ، بھٹنڈا، نال، پھلودی، بھوج اور دیگر مقامات پر ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے حملے کی کوشش کی گئی تھی۔
بھارتی دعوے کے مطابق ان حملوں کو ایئر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے ناکام بنایا گیا، اور کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی۔