اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور ہم ذہنی طور پر کسی بھی ممکنہ جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ اندیشہ ہے کہ آئندہ دو سے تین دن کے دوران جنگ چھڑ سکتی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق، وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہم اپنی پوری قومی طاقت کے ساتھ اس کا مقابلہ کریں گے اور اپنے پاس موجود ہر قسم کی دفاعی صلاحیت کو بروئے کار لائیں گے۔
تاہم، جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بات کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے براہ راست یہ نہیں کہا کہ دو یا تین دن میں جنگ یقینی طور پر شروع ہو جائے گی بلکہ یہ کہا تھا کہ اس وقت خطے میں جنگ کا خطرہ موجود ہے اور آنے والے چند دن نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اگر ہم پر جنگ تھوپی گئی تو پاکستان پوری قوت کے ساتھ جواب دے گا اور اس موقع پر پوری قوم اپنی تینوں مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔