اسلام آباد (نیوز رپورٹ) امریکی ایوانِ نمائندگان کے رکن جیک برگمین نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی رہائی کے لیے ایک مرتبہ پھر آواز بلند کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، جیک برگمین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ان کا پاکستان کا حالیہ دورہ اور وہاں کے مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں اس بات کی گواہ ہیں کہ وہ عمران خان کی فوری رہائی کے مطالبے پر قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی بنیاد جمہوریت، انسانی حقوق اور معاشی ترقی جیسے مشترکہ اصولوں پر ہے، اور ان کے تحفظ کے لیے دونوں ممالک کو ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے جیک برگمین نے اپریل کے وسط میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں ان کی سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں۔
دوسری جانب، سوشل میڈیا پر بعض پی ٹی آئی کے حامیوں نے جیک برگمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ واقعی عمران خان کی رہائی کے حامی ہیں، تو انہیں پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں یہ معاملہ کھل کر اٹھانا چاہیے تھا، نہ کہ صرف سوشل میڈیا بیانات تک محدود رہنا چاہیے۔