اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی جانب سے عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ مقرر کرنے کا فیصلہ پارٹی کے لیے مہنگا پڑا۔
نجی ٹی وی “جیو نیوز” سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے ماضی کی ایک یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک روز پی ٹی آئی کے بانی نے اُنہیں خوشی خوشی بتایا کہ پنجاب کے لیے ایک شاندار وزیراعلیٰ کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے جب مزید جاننے کی خواہش ظاہر کی تو انکشاف کیا گیا کہ وہ شخصیت عثمان بزدار ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ چونکہ وہ اس نام سے ناواقف تھے، اس لیے دوبارہ دریافت کیا کہ یہ کون ہیں؟ اس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ “یہ وہی عثمان بزدار ہیں جن کے گھر میں بجلی تک نہیں ہے۔”
اسد عمر نے واضح انداز میں کہا کہ یہ فیصلہ انتہائی غیر مناسب تھا اور پارٹی کو اس کا خاصا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ ان کے مطابق ایسے فیصلوں کے اثرات دور رس ہوتے ہیں اور سیاسی میدان میں غلط شخص کو اہم منصب دینا جماعت کے لیے چیلنج بن سکتا ہے۔