اسلام آباد (این این آئی)بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہدایت پر پارٹی رہنما شیر افضل مروت کو ایک بار پھر شو کاز نوٹس جاری کردیا گیا۔پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو جاری نوٹس میں کہا گیا کہ آپ بغیر سوچے سمجھے بولتے ہیں جس کا نتیجہ پارٹی کو بھگتنا پڑتا ہے۔شوکاز نوٹس میں شیر افضل مروت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے آپ کے بیانات کے حوالے سے عمران خان کو آگاہ کیا گیا تھا، بانی چیئرمین کی ہدایت کے بعد پارٹی کی جانب سے رویہ بہتر کرنے سے متعلق شو کاز نوٹس جاری کیا گیا۔
شوکاز نوٹس کے مطابق شیر افضل مروت کو 7 دن کے اندر پارٹی کو تحریری طور پر جواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، مطلوبہ دنوں میں جواب نہ جمع کرنے کی صورت میں پارٹی پالیسی کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے دوستوں کے مشورے پر ایک دو ہفتے الیکٹرانک میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے میڈیا کے دوستوں سے گزارش کی کہ وہ کسی بھی پروگرام میں شامل ہونے پر اصرار نہ کریں۔واضح رہے مئی 2024 میں بھی شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔انہیں پی ٹی آئی رہنماؤں شبلی فراز اور عمر ایوب کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔