ر اولپنڈی(این این آئی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو پاکستان کی ڈیفالٹ کا بیانیہ بنا رہے تھے، وہ آج کہاں ہیں؟،ریاست کی یہ ذمہ داری ہے کہ عوام کو سوشل میڈیا سے پیدا شدہ ہیجان اور فتنے کے مضمرات سے دور رکھے،پاکستان کا سب سے بڑا اور قیمتی سرمایہ ہمارے نوجوان ہیں، ہم کسی صورت اسے ضائع نہیں ہونے دیں گے،خیبر پختونخوا کے عوام 22 سال سے پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے رہے ، پاڑہ چنار کے قبائل قبائل مل بیٹھ کر زمینی اور فروعی تنازعات ختم کرنے میں مدد دیں۔
بدھ کوچیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے نوجوانان پاکستان سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی آنکھوں کی چمک دیکھ کر یہ یقین ہو جاتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آزاد ریاست کی اہمیت جاننی ہے تو لیبیا، شام، کشمیر، اور غزہ کے عوام سے پوچھو۔نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ علم انسان کو دوسروں سے ممتاز کرتا ہے ،ریاست کی یہ ذمہ داری ہے کہ عوام کو سوشل میڈیا سے پیدا شدہ ہیجان اور فتنے کے مضمرات سے دور رکھے ۔ انہوںنے کہاکہ عوام، حکومت اور فوج کے درمیان مضبوط رشتہ ہی پاکستان کے تحفظ اور ترقی کا ضامن ہے ۔ آرمی چیف نے سوال کیاکہ جو پاکستان کی ڈیفالٹ کا بیانیہ بنا رہے تھے، وہ آج کہاں ہیں؟ ۔ انہوںنے کہاکہ بحیثیت مسلمان ہمیں نا امیدی سے منع کیا گیا ہے ،چیف آف آرمی سٹاف نے نوجوانوں سے کہا کہ زندگی امتحان کا نام ہے، اور قرآن کی آیت پڑھیں ”کیا لوگ یہ سمجھے بیٹھے ہیں کہ صرف یہ کہنے پر چھوڑ دیے جائیں گے کہ ہم ایمان لائو، اور ان کی آزمائش نہ ہو گی؟۔
آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان کا سب سے بڑا اور قیمتی سرمایہ ہمارے نوجوان ہیں، ہم کسی صورت اسے ضائع نہیں ہونے دیں گے ۔ خطاب کے اختتام میں آرمی چیف نے نوجوانوں کو علامہ اقبال کا یہ شعر سنایا،افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر،ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ۔خطاب کے بعد وقفہ سوالات کے دوران نوجوانوں کے سوالات کے جواب میں چیف آف آرمی سٹاف نے پاک فوج کا مؤقف بیان کیا۔پاڑہ چنار میں فسادات پر سوال کے جواب میں آرمی چیف نے کہا قبائل مل بیٹھ کر زمینی اور فروعی تنازعات ختم کرنے میں مدد دیں۔ انہوںنے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام 22 سال سے پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے رہے ۔ انہوںنے کہاکہ میرا یہ ایمان ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں دہشتگردی کے خلاف فتح مبین عطا کرے گا ۔