گدو بیراج پر پانی کی سطح گرگئی ہے، سیلاب کا خطرہ ٹل گیا

4  ستمبر‬‮  2022

لاہور( این این آئی)گدو بیراج پر پانی کی سطح نیچے آنے سے سیلاب کا خطرہ ٹل گیا۔فلڈ وارننگ سیل نے بتایا کہ نوشہرہ میں تباہی مچانے والے دریائے کابل کی تیزی ختم ہوچکی ہے اور اس میں پانی کی سطح بھی دوبارہ معمول پر آگئی ہے جس کے بعد اب ایک اور خوش آئند خبر ہے کہ

گدو بیراج پر بھی پانی کی سطح گرگئی ہے اور سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ہے۔کابل اورسندھ کا 6 لاکھ کیوسک کا مشترکہ ریلا تونسہ بیراج سے ہوتا ہوا گدو بیراج کی جانب آیا تھا جس کے بعد گدو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب کی پیشگوئی کی گئی تھی اور کہا جارہا تھا کہ یہ سیلاب 8 روز تک جاری رہے گا۔آبی ماہرین کے مطابق اس وقت گدو بیراج پر پانی کا بہائو 4 لاکھ 85 ہزار کیوسک رہ گیا ہے اور اونچے سے درمیانے درجے کے سیلاب کی کیٹگری میں آگیا۔فلڈ وارننگ سینٹرکے مطابق سکھر بیراج پر بھی پانی کی سطح گرنا شروع ہوگئی ہے اور یہاں پانی کا بہا ئو5 لاکھ 45 ہزار کیوسک پر آ گیا اور آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔دوسری جانب فلڈ وارننگ سینٹر نے بتایا ہے کہ کوٹری بیراج پر 12 سال بعد 5 لاکھ 86 ہزارکیوسک کا بڑاریلا پہنچ گیا ہے اور پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔