اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملکہ کوہسارمری میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے برفباری جاری ،26 گھنٹوں سے مری اور دیہی علاقوں میں بجلی منقطع ہے ۔ واپڈا ذرائع کا کہناہے کہ برفباری کے دوران گزشتہ روز تاریں ٹوٹ گئی تھیں ، مرمت نہیں ہو سکی جس کے باعث بجلی کا
نظام متاثر ہے ،دوسری جانب پائپ لائنوں میں پانی منجمد ہو جانے سے شہری اور سیاح شدید پریشان ہیں ، شدید برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کا نظام بھی مفلوج ہو چکاہے ۔مری میں مختلف مقامات پر دو دن سے سیاحوں کی گاڑیاں سڑکوں پر پھنسی ہوئی ہیں، برفباری مزید دو دن تک جاری رہ سکتی ہے ، اب تک ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ دیامر کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری جاری ہے ، بالائی پہاڑوں ، بٹو گاہ ٹاپ اور بابو سر ٹاپ پر بھی شدید برفباری جاری ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق فیری میڈوز ،سمیت دیگر پہاڑوں پر بھی برف پڑنے کا سلسلہ جاری ہے ، چلاس شہر اور مضافات میں دو روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، چلاس سے ملحقہ علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیاہے ۔وفاقی دارلحکومت میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔