کراچی(این این آئی)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آج (پیر) سے29اکتوبرتک کراچی رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کریگا۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس قاضی محمد امین احمد شامل ہونگے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے روبرو کراچی میگا تجاوزات کیس
سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔ بینچ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ عمل درآمد کیس کی بھی سماعت کرے گا۔ اس حوالے سے وزیراعلی سندھ، چیف سیکرٹری، کمشنر کراچی، چیئرمین پی آئی اے، تمام کنٹونمنٹ بورڈز کے چیف ایگزیکٹو افسران، ڈی جی ایس بی سی اے، ڈی جی کے ڈی اے، چیئرمین آباد، ڈی جی سول ایوی ایشن، ڈی جی ایم ڈی اے، آئی جی سندھ، ایم ڈی واٹر بورڈ، ملٹری اسٹیٹ آفس، میونسپل کمشنر کراچی، سیکرٹری ریلوے، سیکرٹری سول ایوی ایشن، وفاقی سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں بینچ کے روبرو کراچی کے 35 ہزار رفاعی پلاٹوں، گجر نالہ تجاوزات کیس، غیر قانونی شادی ہالز، پارکوں پر قبضوں کے کیسز، جیکٹ آباد کے رفاعی پلاٹوں اور سرکاری اراضی پر قبضہ سے متعلق سماعت ہوگی اس کے علاوہ الہ دین پارک، کراچی کے 35 ہزار رفاعی پلاٹوں سے متعلق بھی سماعت ہوئی۔ تین رکنی بینچ کے روبرو کڈنی ہل پارک، کشمیر روڑ پر تجاوزات، کے ڈی اے کلب تجاوزات کیس اور کراچی سرکلر ریلوے بحالی کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ ریلوے اراضی پر قبضے، لارجر بینچ ڈی ایچ اے رہائشیوں کو پانی کی قلت، سندھی مسلم سوسائٹی تجاوزات، کراچی میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیرات، حیات ریزیڈنسی، کراچی جم خانہ، رہائشی پلاٹوں پر کمرشل سرگرمیوں کیخلاف کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کیئے گئے ہیں۔ تین رکنی بینچ چائنہ کٹنگ کیس کی بھی سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں بینچ سپریم کورٹ لارجر بینچ کے سی آر پیش رفت رپورٹ کا جائزہ لے گا۔ سپریم کورٹ نے گجر نالہ تجاوزات میں متاثرین کو متبادل جگہ دینے، وزیراعلی سندھ کو ابتدائی پلان پیش کرنے اور الہ دین پارک بحالی کا حکم دے رکھا ہے۔ سپریم کورٹ نے کمشنر کراچی سے پیش رفت رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔ عدالت نے رفاعی پلاٹوں پر قبضے سے متعلق ڈی جی ایس بی سی اے سے رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔