کراچی ( آن لائن )وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اب سیدھے راستے پر آچکا ہے اور اب حکومت کا ہدف ملک میں سرمایہ کاری لانا ہے۔ ہمیں غیر ملکی امداد کے انحصار نے کمزور کر دیا ہے ،کراچی شپ یارڈ میں شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم (ایس ایل اینڈ ٹی ایس) کی
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ماضی میں ہم آگے بڑھ رہے تھے، اپنے صلاحیت کے مطابق اپنی منزل نہیں حاصل کرسکے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ ہم اپنی صلاحیت پر اعتماد رکھتے ہوئے اپنے پیروں پر کھڑے ہوکر آگے بڑھتے، ہم آسان راستے پر چلے گئے اور درآمدات پر منحصر معیشت بن گئے،انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے اپنی قوت نہیں پہچانی، انسان میں یہ صلاحیت ہے کہ اپنے بازو سے بوجھ اٹھاتا رہوں تو وہ مضبوط ہوگا اگر استعمال کرنا چھوڑ دوں تو وہ ناکارہ ہوجائے گا، وزیر اعظم نے کہا کہ قومیں بھی اس طرح ہوتی ہیں جو فیصلہ کرلیں کہ سب کچھ خود کریں گی تو اللہ قوم کو مضبوط کردیتا ہے۔ اب پھر سے کوشش ہورہی ہے کہ ہم اپنے پیروں پر کھڑے ہوں، ہم اب 7 ہزار 400 ٹن کو لفٹ کرسکیں گے اور ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے ملک غیر ملکی زرمبادلہ بچائیں گے،پاکستان سیدھے راستے پر آچکا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم سے کم ہوچکا ہے اب ہمارا ہدف سرمایہ کاری لانا ہے، منی لانڈرنگ روکنی ہے اور جو چیزیں درآمد کرتے ہیں اس کی اپنے ہی ملک میں پیداوار کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں غیر ملکی امداد کے انحصار نے کمزور کر دیا ہے، کوشش ہے غیر قانونی طور پر ڈالر ملک سے باہر نہ جائیں، پوری دنیا میں کرپٹ حکمران پیسے ملک سے باہربھیجتے ہیں،یہ سب ہماری کارکردگی ہے اپنے ملک کا پیسا بچانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں برآمدات کی بجائے درآمدات کو ترجیح دی گئی، اب ہم اپنی برآمدات بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔