لاہور (این این آئی )پنجاب حکومت کی ہائرایجوکیشن کمیشن کے قوانین کے خلاف نئی پالیسی کی منظوری، فیصل آباد سمیت صوبے بھر کی پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو
کالجوں کا الحاق کرنے کی اجازت دے دی گئی۔تفصیلات کیمطابق مشترکہ مفادات کونسل نے یونیورسٹیوں کو ریگولیٹ کرنے اور پالیسی سازی کا اختیار ہائرایجوکیشن کمیشن کو سپرد کرنے کا فیصلہ کیا تھا،کونسل کے گزشتہ اجلاس میں صوبائی حکومتوں کو ایچ ای سی کی پالیسیوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی،تاہم اس کے برعکس پنجاب حکومت نے پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے لئے الحاق کی نئی پالیسی کا اجراء کر دیا ہے۔ دستاویز کے مطابق پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو فیصل آباد سمیت پنجاب کے کسی بھی کالج کو الحاق کرنے کی اجازت ہوگی، پرائیویٹ یونیورسٹیز ایکریڈیشن کمیٹی کے منطور کردہ مضامین کیلئے کالجوں کو الحاق کریں گی، کالج الحاق کرنے سے قبل متعلقہ اداروں سے این او سی حاصل کرنا ہوگا،پرائیویٹ یونیورسٹی الحاق شدہ کالجوں کا امتحان لینے کی مجاز ہوگی۔