راولپنڈی /اسلام آباد (این این آئی)پاک فوج کے ترجمان نے یوم تکبیر کے حوالے سے جاری بیان میں پاکستانی عوام کے ایٹمی دھماکوں کا خواب سچ کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ٹوئٹ میں کہا گیا کہ 23 سال قبل آج کے دن پاکستان نے قابل اعتبار کم سے کم جوہری
مزاحمت حاصل کرکے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا۔بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج اور پوری قوم اس خواب کو سچ کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔علاوہ ازیں دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یوم تکبیر کے موقع پر قوم، پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کی حفاظت اور جارحیت کی کسی بھی شکل سے آزادی کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے ماحول کے فروغ کے لیے کام جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسلحے کے کنٹرول، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحے سے متعلق عالمی معیارات کو مستحکم کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں اپنا فعال کردار ادا کر رہا ہے اور قومی سطح پر برآمدی کنٹرول، جوہری تحفظ اور سلامتی کے جدید ترین بین الاقوامی معیارات کی پیروی کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے قوم ملک کے سائنسدانوں، انجینیئرز اور ٹیکنیشنز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔واضح رہے کہ 23 برس قبل 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں جوہری دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا۔ان ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو یوم تکبیر کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔