راولپنڈی (این این آئی)شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس کا سکیورٹی فورسز کی طرف سے بھرپور جواب دیا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہو گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق دہشت گردوں نے افغانستان سے شمالی وزیرستان میں فوجی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جانب سے بھرپور
جوابی کارروائی کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عمر دراز شہید ہو گئے جن کی عمر 32 سال اورتعلق جھنگ سے تھا۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان متعدد بار پاک افغان بارڈر کے اطراف میں موثر انتظام اور کنٹرول کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتا رہا ہے، پاکستان دہشت گردوں کے ذریعہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے مستقل استعمال کی مذمت کرتا ہے۔