اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)روس کے صدر نے پاکستان کو تمام شعبوں میں تعاون کی پیشکش کرکے ایک ”بلینک چیک” کی آفر دیدی ، میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لیورو ف نے گزشتہ ہفتے اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستانی حکام تک روسی صدر
پیوٹن کا ایک اہم ترین پیغام پہنچایا ۔رپورٹ کے مطابق پاکستانی و روسی حکام کے درمیان بند کمرے میں ہونے والی اہم میٹنگ میں شریک اعلیٰ حکومتی شخصیت نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ روسی وزیر خارجہ نے پاکستانی حکومت کو پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے صدر کا ایک اہم پیغام لے کر آیا ہوں جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔حکومتی شخصیت نے مزید کہا کہ دوسرے الفاظ میں روسی صدر نے پاکستان کو ”بلینک چیک” آفر دیدی ہے۔جب حکومتی شخصیت سے ”بلینک چیک ”آفر کا مطلب پوچھا گیا تو انہوں نے روسی وزیر خارجہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روسی صدر نے پاکستان کو پیغام بھجوایا ہے کہ اگر آپ کاریڈورز، گیس پائپ لائنز اور دفاع سمیت کسی بھی معاملے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو ہم آپ کے ساتھ ہر طرح سے تعاون کیلئے بالکل تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ روس نے اپنی پیشکش دیدی ہے اب یہ ہم پر منحصر ہے ہم اس پیشکش پر کیا ردعمل دیتے ہیں؟