سکھر (این این آئی)سندھ ہائی کورٹ سکھربینچ نے کتے کاٹنے کے واقعات میں اضافے پر حکم دیا ہے کہ کتے کاٹنے پر ایم پی ایز اور ایم این ایز سینیٹ کا ووٹ نہیں دے سکیں گے۔بدھ کوسندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں کتے کے کاٹنے کے واقعات کو روکنے کے حوالے سے سماعت ہوئی۔
عدالت نے فیصلہ سنایا کہ اب جس علاقے میں لوگوں کو کتوں کے کاٹنے کا واقعہ پیش آئے گا، تو ایم پی اے کو عہدے سے معطل کیا جائے گا۔ ایم پی ایز اور ایم این ایز سینیٹ کا ووٹ نہیں دے سکیں گے۔سرکاری وکیل نے کہا کہ ایسے واقعات سے ایم پی ایز کا کوئی تعلق نہیں۔ جسٹس آفتاب احمد نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے یہ افسران آنے والے فنڈز میں سے کسے کمیشن دیتے ہیں؟ ہمارا منہ نہ کھلوایا جائے تو بہتر رہے گا۔ عوام کا تحفظ کرنا ایم پی ایز کا فرض بنتا ہے۔عدالت نے کہا کہ جس ایم پی اے اور ایم این ایز کے حلقے میں واقعہ پیش آئے گا، وہ سینیٹ کے انتخابات میں ووٹ نہیں دے سکے گا۔ واقعہ پیش آنے کی صورت میں متعلقہ افسران کی تنخواہ بند کر کے انہیں سرپلس میں رکھا جائے گا۔ لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔عدالت میں سماعت کے موقع پر افسران نے رپورٹس پیش کیں۔ عدالت نے رپورٹس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سخت احکامات جاری کیئے۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 16 مارچ تک ملتوی کر دی۔خیال رہے کہ عدالت کتے کاٹنے کا مقدمہ میونسپل افسران اور مقدمہ کی تفتیش نہ کرنے پر ایس ایس پیز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم پہلے ہی دے چکی ہے۔