اسلام آباد(آن لائن)پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مریم نواز سے اہم ملاقات ، لانگ مارچ کے طریقہ کار ، دورانیہ پر گفتگو کی گئی، لانگ مارچ سے متعلق تمام تجاویز کا سٹیرنگ کمیٹی میں جائزہ لیکر حتمی فیصلہ کرنے پر اتفاق کیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ اسلام آباد
پہنچنے کے بعد پہلا پڑاؤ فیض آباد میں ڈالنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے سینیٹ الیکشن میں مشترکہ امیدواروں کی کامیابی یقینی بنانے کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی ۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پہلے پنجاب سے لائی جائے یا بلوچستان سے اس بارے میں بھی پیپلز پارٹی کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا ۔ مریم نواز کا کہنا تھا تحریک عدم اعتماد کا آپشن مسترد نہیں کیا گیا سینیٹ الیکشن میں سب پتہ چل جائے گا کون کس کے ساتھ کھڑا ہے۔ اہم ملاقات میں آرڈیننس کے زریعے سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ سے کروانے کے اقدام کی شدید مخالفت کا فیصلہ کیا گیا ۔ فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر عدالت بھی جانا پڑا تو جائیں گے۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ آئینی ترمیم کے بغیر سینیٹ الیکشن کا طریقہ کار تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ملاقات میں کشمیر انتخابات کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا ،کشمیر الیکشن سے متعلق مریم نواز نے تجاویز سے آگاہ کردیا۔ دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں سینیٹر پرویز رشید اور جمعیت علماء اسلام کے ترجمان اسلم غوری بھی موجود تھے۔