اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت اور اتحادی ایک صفحے پر نہیں، محمد علی درانی نیشنل ڈائیلاگ کے مشن پر ہیں لیکن انہیں اب تک کوئی خاص کامیابی نہیں ملی ہے۔ عمران خان اور کابینہ ارکان نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی لیکن کوئی ایجنڈہ نہیں بتایا۔
روزنامہ جنگ میں طارق بٹ کی شائع خبر کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اتحادی جماعت مسلم لیگ فنکشنل، نیشنل ڈائیلاگ کے حوالے سے ایک صفحے پر نہیں ہیں۔ مسلم لیگ فنکشنل کے سیکرٹری جنرل محمد علی درانی کا ٹریک۔2 ڈائیلاگ سے متعلق کہنا ہے کہ انہیں ان کے پارٹی سربراہ نے یہ عمل شروع کرنے کا کہنا تھا۔ تاہم، پیرپگاڑا نے خود اس بارے میں اب تک کچھ نہیں کہا ہے۔ جہاں محمد علی درانی ایک طرف اپنا کام کررہے ہیں تو دوسری جانب وزیراعظم عمران خان اپنے سخت موقف پر قائم ہیں۔ عمران خان اور ان کے کابینہ ارکان نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے لیکن کوئی ایجنڈہ نہیں بتایا۔ جب کہ وزیراعظم نے اپنے ترجمانوں کو بھی ہدایت کررکھی ہے کہ وہ اپنے حریفوں تنقید جاری رکھیں۔ جب کہ سرکاری سطح پر یہ بھی سمجھا جارہا ہے کہ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ن لیگ کے نائب صدر مریم نواز سے کوئی بات نہیں کی جائیگی کیونکہ وہ رکن پارلیمان نہیں ہیں۔ جب کہ اپوزیشن بھی حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہے۔ مریم نواز کا محمد علی درانی کے موقف کو مسترد کرنا واضح پیغام ہے۔