اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)گزشتہ روزاین سی او سی کے چیئرمین اسد عمر کورونا وائرس کا شکار ہو گئے،وفاقی وزیر اسد عمر نے خود کو اپنے گھر پر قرنطینہ کر لیا ہے اور وہ کسی سے بھی ملاقات سے گریز کر رہے ہیں تاکہ کورونا وائرس ان کی وجہ سے نہ پھیل سکے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گزشتہ روز ہونے والے معاشی ٹیم کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔اجلاس میں وفاقی وزرا مخدوم خسرو بختیار، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، حماد اظہر، اجلاس میں عبدالرزاق داود، ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور وقار مسعود بھی شریک ہوئے تھے۔دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 87افراد چل بسے ،مزید 3179کیسز رپورٹ ہوئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 40 ہزار922 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 62 لاکھ 64 ہزار 135 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 179 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 54 ہزار 673 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ
میں 2لاکھ 29ہزار83 ، پنجاب میں ایک لاکھ 30 ہزار 706، خیبر پختونخوا میں 54 ہزار 448، اسلام آباد میں 35 ہزار 905، بلوچستان میں 17 ہزار 880، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 937 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 814افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار
کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 40 ہزار 922 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 486 کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک کے چار بڑے شہروں میں تشویشناک حالت میں مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی۔ ملتان میں 46فیصد مریض وینٹیلیٹر پر موجود ہیں۔ اسلام آباد میں
41، پشاور 21 فیصد جبکہ لاہور میں 34 فیصد مریض وینٹیلیٹر پر موجود ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 87 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہزار 250 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 ہزار 649 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 4 لاکھ 4 ہزار 501 ہوگئی ہے۔